” صحت کا حصول فطری طریقہ علاج کے ساتھ“ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد
لاھور ( آئی این پی ) بزم قرشی پاکستان کے زیر اہتمام ” صحت کا حصول فطری طریقہ علاج کے ساتھ“ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد فلیٹی ھوٹل میں کیا گیا۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد شِفاءالملک حکیم محمد حسنؒ قرشی کی طب کیلئے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس تقریب کی صدارت ڈاکٹر و حکیم زاہد اشرف(تمغہ امتیاز) نے کی جبکہ مہمان خصوصی میں خواجہ سلمان رفیق(وزیر صحت حکومت پاکستان) ، پروفیسر حکیم منصور العزیز (سیکرٹری جنرل پاکستان طبی کانفرنس) ، محمد حسین قرشی اور حکیم محمد احمد سلیمی ( چئیرمین بزم قرشی پاکستان ) تھے جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں وید جمیل خاں ، پروفیسرحکیم عبد الواحد شمسی ،حکیم ذوالفقار علی زاہد ، حکیم مختار احمد برکاتی ، حکیم عبد الرحیم ہاشمی،حکیم محمد اسماعیل ، حکیم عبد المنان شاکر، حکیم وڈاکٹر عبد الرحمن ، ڈاکٹر نذیز احمد تابش، حکیم تصور محمدی ، حکیم محمد رضاءالحق نقشبندی، حکیم انعام اللہ ، حکیم سیف اللہ لودھی ، سکندر حیات زاہد ، حکیم عطا الرحمان صدیقی ، حکیم سید عمران فیاض ، حکیم عمر فاروق گوندل، محمد فیضان ، حکیم محمد فیصل صدیقی ، موسیٰ فیصل صدیقی، محمد بن عمر گوندل ، احمد بن عمر گوندل اورمحمد حسن شیخ شامل تھے۔ تقریب میں نقابت کے فرائض طبیبہ رابعہ محمود اور حکیم تصور محمدی نے انجام دیے۔اس موقع پر حضرت حکیم مولانا عبد الواحد نے شِفاءالملک حکیم محمد حسن ؒ قرشی کی طبی اور ملی خدمات پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شِفاءالملک ایک تجربہ کار معالج ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نیک صفت انسان بھی تھے جو ہر وقت طب کی ترقی کیلئے کوشاں رہتے تھے۔ اس کے علاوہ مقررین حکیم عرفان شاہد (سابق چیئرمین PTPMA سی ای او عوامی لیبارٹریز) نے ذیابیطس سے نجات کا نباتاتی طریقہ کے موضوع پر ، حکیم و ڈاکٹر رضوان آصف (ایسوسی ایٹ پروفیسر قرشی یونیورسٹی ، ممبرا متحانی باڈی نیشنل کونسل فار طب) طب یونانی کی روایتی دوا ، کشتہ چاندی کی جراثیم کش خصوصیات اور علی رضوان امراض کے ذہن پر اثرات کے موضوع پر گفتگو کی۔اس موقع پرخواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی عوام دوست تقاریب کا انعقاد لائق تحسین ہے جس میں ہم شِفاءالملک سمیت دیگر اکابرین کو خراج ِ تحسین پیش کررہے ہیں ادارہ قرشی کی ملک و قوم کیلئے خدمات ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قابل ستائش ہیں۔ پروفیسر حکیم منصور العزیز نے ادارہ قرشی اور شِفاءالملک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج طب جس مقام پرہے اس کی آبیاری میں شِفاءالملک حکیم محمد حسن ؒ قرشی کی خدمات رہتی دنیاتک یاد رکھی جائیں گی ۔ ادارہ قرشی اقبال احمد قرشی(چیئرمین قرشی آگنائزیشن) طب اور طبیب کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ محمد حسین قرشی نے اپنے خطاب میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ قرشی اپنے آباواجداد کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو معیاری اور جدید طبی اُصولوں سے تیار کردہ مصنوعات فراہم کرتے رہیں گے۔تقریب میں کلمات تشکر حکیم محمد احمد سلیمی (چیئرمین بزم قرشی پاکستان) نے ادا کرتے ہوئے حاضرین کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور شِفاءالملک حکیم محمد حسنؒ قرشی کی طبی خدمات کے نمایاں پہلووں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو پر تکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔ ٭