علاقائی خبریں

103معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 50کو 20لاکھ 15ہزار کے جرمانے عائد،

لاہور (آئی این پی) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں لاہور کی معروف مارکیٹس میں کریک ڈاﺅن کے دوران 103معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 50کو 20لاکھ 15ہزار کے جرمانے عائد، بھاری مقدار میں ناقص اشیاءتلف کر دی گئیں ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ 51فوڈ پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے، امپوریم مال، جوہر ٹاﺅن، ایم ایم عالم، لکشمی چوک، ڈیفنس رایا، لیک سٹی، بحریہ ٹاﺅن، مین بلیوارڈ گلبرگ میں کریک ڈاﺅن کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کی چھوٹی بڑی فوڈ مارکیٹس کی چیکنگ کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر تمام مصروف مارکیٹس میں صبح اور رات کے اوقات میں چیکنگ کی جائے گی، سپیشل فوڈ سیفٹی ٹیموں کو چیکنگ کا ٹاسک تفویض کر دیا گیا ہے، ریڑھیوں، ڈھابوں چھوٹے فوڈ پوائنٹس پر کام کرنے والوں کے لیے فری فوڈ سیفٹی ٹریننگ پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔عاصم جاوید نے کہا کہ فوڈ کوالٹی،سٹوریج اورہائجین کے حوالے سے فوڈ ہینڈلرز کو ٹریننگ دی جائے گی،ریسٹورنٹس میں ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن استعمال کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے ، فنگس زدہ فریزر، ٹوٹے گندے فرش پر اشیا خورونوش تیار کی جا رہی تھی۔ خوراک کی تیاری میں ناقص اجزا کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی طرز کے مطابق لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،جعلسازوں کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، پنجاب میں خوراک کا کاروبار قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے، فوڈ بزنس آپریٹرز فوڈ ہائجین، کوالٹی، لازم ریکارڈ اور فوڈ ایس او پیز پر ہر صورت عملدر آمد یقینی بنائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button