مظفرگڑھ میں درجہ چہارم کے 43 ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف
چوک سرورشہید (مرزا شہزاد بیگ ) محکمہ تعلیم مظفرگڑھ میں درجہ چہارم کے 43 ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ نے غیر قانونی بھرتیاں کرنے میں ملوث سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ مسعود ندیم سمیت 43 ایجوکیشن افسران ، پرنسپلز اور سکول سربراہان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا مراسلہ لکھ دیا ۔ بھرتیاں ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن کمیٹی کی منظوری کے بغیر کی گئیں ۔ بھرتیاں منسوخ اور کالعدم قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ۔ متعدد امیدوار ملازمت پر جوائین نہیں کرنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ کے خلاف داد رسی کے لیے ہائی کورٹ ملتان بنچ پہنچ گئے ۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ میں درجہ چہارم کے ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں کا سکینڈل سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر بھاری رقوم لیکر 12 اپریل 2023 کو مدت ملازمت مکمل ہونے پر ملازمت سے ریٹائر ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ ملک مسعود ندیم نے ضلع مظفرگڑھ کے 43 سکولوں کے سربراہوں کو مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر اور ان پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کا شدید دباؤ کا کہہ کر 43 خالی آسامیوں پر درجہ چہارم کے ملازمین کو غیر قانونی طور بھرتی کروا لیا۔ جبکہ ان کی ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی سے باضابط منظوری بھی نہیں لی گئی ۔ ان آسامیوں پر بھرتی منسوخ کر دی گئی تھی مگر سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ ملک مسعود ندیم نے غیر قانونی طور بھرتی کروا لی۔ جن میں سے چند ملازمین نے آرڈرز کی کاپیاں لیکر ہائی کورٹ ملتان بنچ میں رٹ پٹیشن دائر کر دیں ۔ عدالت عالیہ کے نوٹس پر سارا معاملہ سامنے آیا ۔ جس پر محکمہ تعلیم مظفرگڑھ سمیت ضلعی انتظامیہ کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ طارق حبیب نے اعلیٰ حکام کو مراسلہ بھجوا دیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام بھرتیاں غیر قانونی طور پر کی گئی تھیں ۔ جن کی ذمہ داری سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ ملک مسعود ندیم سمیت 43 سکولوں کے سربراہوں اور ایجوکیشن افسران پر عائد ہوتی ہے ۔ جن کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔ محکمہ تعلیم مظفرگڑھ نے کارروائی شروع کردی ھے اور ضلع مظفرگڑھ کے 43 سکولوں کے سربراہوں اور دیگر ایجوکیشن افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں