پنڈی گھیب:گندگی کے ڈھیر سے ایک اور نومولود بچہ برآمد، ہسپتال منتقل
پنڈی گھیب(یاسر مقصود ملک ) گندگی کے ڈھیر سے ایک اور نومولود بچہ برآمد، ریسکیو 1122 نے اسپتال منتقل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈھرنال اڈا کے قریب گندگی کے ڈھیر سے نومولود بچہ برآمد ہوا، جسے ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بچہ پیدائش کے فوراً بعد ہی وہاں پھینکا گیا تھا، اور اگر ریسکیو ٹیم بر وقت نہ پہنچتی تو اس کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔یہ افسوسناک واقعہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا کیس ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی افراد نے حکام سے سخت نوٹس لینے اور اس غیر انسانی عمل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اس انسانیت سوز واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔