جڑانوالہ روڈالہ روڈ پولیس کی مؤثر کارروائیاں، منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد
فیصل آباد (ارباب سکندر اعوان ) تھانہ روڈالہ روڈ پولیس کی منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ایس ایچ او غازی حق نواز کی قیادت میں کیے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں علاقے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔تازہ کارروائی میں پولیس نے دورانِ چیکنگ ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے 1050 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ جلد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں تاکہ علاقے کو منشیات سے مکمل پاک کیا جا سکے۔دوسری جانب، ایس پی جڑانوالہ ضیاء الحق کی ہدایت پر ناجائز اسلحہ کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی۔ دورانِ گشت، ایس ایچ او غازی حق نواز کی ٹیم نے 356 گ ب اور 355 گ ب کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان، محمد حسین، ثمر عباس اور ارسلان کے قبضے سے دو پسٹل، ایک 12 بور رائفل اور گولیاں برآمد کر لیں۔ ملزمان کوئی قانونی اجازت نامہ پیش نہ کر سکے، جس پر ان کے خلاف تھانہ روڈالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایس ایچ او غازی حق نواز کا کہنا ہے کہ جرائم اور منشیات کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی مسلسل کارروائیوں کے باعث علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، اور عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ روڈالہ روڈ کو جرائم سے مکمل پاک کیا جا سکے۔