گودام میں لگی آگ پر ریسکیو 1122 سندھ نے قابو پا لیا.
کراچی (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب واقع آئل اور کیمیکل گودام میں صبح تقریبا 11:15 بجے آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سندھ کی سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول نے فائر بریگیڈ ، 1 ایمبولینس اور فائر وہیکلز کے ساتھ جائے وقوعہ روانہ کیا۔بعدازاں آگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید فائر وہیکلز طلب کی گئی اور کل 10 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ کے مطابق آگ پر تقریبا 7 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا۔ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خدشہ نہ رہے۔ریسکیو 1122 سندھ کے اہلکاروں نے گودام میں ایل پی جی سلنڈرز کو کولنگ کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ 70 سے 80 فیصد امکان ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔واقعے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گودام میں کوئی فائر سیفٹی سسٹم موجود نہیں تھا۔ آگ بجھانے کے دوران فوم کا استعمال کیا گیا۔ تاکہ کیمیکل اور تیل کی وجہ سے بھڑکتی آگ کو مثر طریقے سے قابو میں لایا جا سکے۔ ریسکیو 1122 سندھ ہر ہنگامی صورت حال میں شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی اقدامات اپنائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فورا 1122 پر رابطہ کریں۔