
طوفانی بارشوں میں لیسکو کے متحرک ہیروز کو خراج تحسین
طوفانی بارش، آندھی اور جکھڑ نے جب پورے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لیا، تو ہر طرف تباہی کا سماں تھا، خصوصاً رائےونڈ ڈویژن کے علاقے شدید متاثر ہوئے، جہاں نہ صرف درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے بلکہ بجلی کی تنصیبات کو بھی بے حد نقصان پہنچا، ٹرانسفارمرز زمین بوس ہو گئے، پولز جھک گئے اور بجلی کی ترسیل کا پورا نظام درہم برہم ہو گیا، ایسے میں جب عام شہری خوف و ہراس میں مبتلا تھے، اور رات کے اندھیروں نے دن کا منظر دھندلا دیا تھا، تب رائےونڈ ڈویژن کے ایکسئن، ایس ڈی اوز اور ان کی مخلص ٹیموں نے بغیر کسی تاخیر کے کام کا آغاز کیا، اس طوفانی رات میں جب لوگ گھروں میں قید تھے، یہ مردانِ عمل اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کھلے آسمان تلے، پانی اور کیچڑ میں لتھڑے ہوئے علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے کوشاں رہے، ان کی محنت، لگن، جذبہ خدمت اور فرض شناسی کی ایسی مثال قائم ہوئی جو مدتوں یاد رکھی جائے گی، ایس ڈی او مانگا منڈی، ایس ڈی او رائےونڈ، لائن سپریٹنڈنٹس، سب انجینئرز، اور لائن مینوں پر مشتمل یہ بہادر ٹیمیں رات بھر متحرک رہیں، ہر ٹوٹی ہوئی لائن کو جوڑا، ہر خراب ٹرانسفارمر کو دوبارہ چلایا، اور ہر متاثرہ علاقے میں روشنی لوٹا دی، خصوصاً ایل ایس رانا فاروق خان، جنہوں نے میدان میں رہ کر نہ صرف اپنی ٹیم کی قیادت کی بلکہ اہل علاقہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، ان کی انتھک محنت، جذبہ ایثار، اور بروقت فیصلوں کے باعث وہ علاقے جہاں تین تین دن سے بجلی غائب تھی، وہاں چند گھنٹوں میں روشنی بحال ہو گئی، اور اندھیروں میں ڈوبے گھروں میں زندگی کی رمق لوٹ آئی، اس سارے عمل میں افضل ویلفئیر آرگنائزیشن کا کردار بھی قابل ستائش رہا، جن کی ویلیج آرگنائزیشنز نے نہ صرف متعلقہ افسران سے مسلسل رابطہ رکھا بلکہ ہر جگہ جا کر عوام کے مسائل کی نشاندہی کی، اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر کے ایک پل کا کردار ادا کیا، یہ وہی جذبہ خدمت ہے جو قوموں کو زندہ رکھتا ہے، اور اداروں کو عوام کے قریب لاتا ہے، افضل ویلفئیر آرگنائزیشن کی تمام وی اوز نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو تسلی دی، متبادل روشنی کے ذرائع فراہم کیے اور بجلی کی بحالی کے بعد ایل ایس رانا فاروق خان اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا، ایسے محسنوں کو صرف لفظوں میں نہیں بلکہ دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرنا چاہیے، جنہوں نے نہ دن دیکھا نہ رات، نہ بارش کا خوف کیا نہ بجلی کے جھٹکوں کا اندیشہ، بس ایک ہی فکر تھی کہ عوام کو ریلیف ملے، روشنی واپس آئے، اور زندگی کی گاڑی دوبارہ رواں ہو، یہ وہ جذبہ ہے جو ہمارے اداروں کو عظمت بخشتا ہے، یہ وہ کردار ہے جو تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا، رائےونڈ ڈویژن کی قیادت، ان کی تمام سب ڈویژنز، اور خاص طور پر مانگا منڈی کی ٹیم کی یہ خدمات اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ اگر نیت خالص ہو، اور ارادے پختہ ہوں، تو کوئی طوفان، کوئی آندھی، کوئی جکھڑ راستہ نہیں روک سکتا، عوام کی دعائیں ان محنت کشوں کے ساتھ ہیں، اور افضل ویلفئیر آرگنائزیشن ان تمام اہلکاران کو اس بے مثال خدمت پر سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے قوم کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف گامزن کیا، خدا ان سب کی حفاظت کرے، اور خدمتِ خلق کے اس سفر کو جاری و ساری رکھے۔
Ask ChatGPT


