مسائل کا حل اسلامی تعلیمات میں موجود ہے، امان اللہ راٹھور
گوجرانوالہ( رانا عبدالغفار خاں )نوجوان نسل کے مسائل کا حل اسلامی تعلیمات میں موجود ہے۔ اس لیے ڈپریشن یا نا آمیدی کا شکار ہوکر بے راہ روی اختیار نہ کریں۔ مسائل ہمیشہ وقتی ہوتے ہیں اللہ پر بھروسہ رکھیں۔ اِن خیالات کا اظہار ڈائر یکٹر آف ایجوکیشن کالجز گوجرانوالہ ڈویژن پروفیسر ڈاکٹرامان اللہ راٹھور نے پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام عالمی انسداد تمباکو نوشی کے دن کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ندیم احمد چوہدری، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے بھی خطاب کیا جبکہ پرنسپل پنجاب کالجز محمد سلمان، ڈین شاہد سلیم خواجہ، انچارج بی ایس پروگرام شمیم اختر، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ راٹھور نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تمباکو نوشی اورنشے جیسی لعنت سے اجتناب کریں، کیونکہ یہ ہماری عظیم کتاب قرآن میں اللہ کا حکم ہے کہ نشے جیسی چیزوں کے قریب بھی نہ جاؤ۔ انہوں نے کہا نوجوان پاکستان سے محبت کریں۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ہراول دستہ ثابت ہوں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کے نقشے پر عظیم ملک بن کر اُبھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر تمباکو نوشی میں سرمایہ کاری کا بھی خاتمہ ہونا چاہیے جو انسانیت کیلئے نقصان دہ ہے زندگی میں ڈسپلن صرف اور صرف دین اسلام پر عمل پیرا ہونے سے ہی پیدا ہوسکتا ہے۔ آخر میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ راٹھور کو شیلڈ اور سونیئر جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ندیم احمد چوہدری کو کالج کی طرف سے سونئیر دیا۔