محکمہ جنگلات سب ڈویژن شرقپورشریف کا قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن
شرقپورشریف ( محمد قاسم )وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اور سیکرٹری محکمہ جنگلات پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایات پر محکمہ جنگلات سب ڈویژن شرقپورشریف کا قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ۔ محکمہ جنگلات شرقپور نے محکمہ ریونیو اور پولیس کے ہمراہ رکھ جھوک کے سرکاری جنگل میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا ہے ۔ گرینڈ آپریشن میں قبضہ مافیا سے کروڑوں روپے مالیت کی 20 ایکڑز سرکاری زمین واگزار کروا لی گئی ہے۔ ڈویژن جنگلات آفیسر شیخوپورہ / ننکانہ رانا زاہد علی اور سب ڈویژن جنگلات آفیسر شرقپور جمشید خان نے لکڑی چور مافیا اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے اب تک جنگلات کا 295 ایکڑز سے زائد رقبہ پچھلے چند ماہ میں واگزار کروایا جا چکا ہے۔ یہ سرکاری رقبہ جات گزشتہ 20 سال سے زائد عرصہ سے مختلف بااثر لوگ اس رقبہ پر قابض تھے جن سے رقبہ واگزار کروا لیا گیا ہے۔