کم عمر ڈرائیوروں، اوور لوڈنگ ، تیز رفتاری، ون ویلنگ والوں کی شامت
چکوال(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی زیر صدارت حادثوں کے روک تھام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر محمد شہاب اسلم، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کامران افضل، ڈی ایس پیز ہیڈکوارٹر و پٹرولنگ پولیس، سول ڈیفنس، ہائی وے، ریسکیو112 اور انسپکٹر ٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اے ڈی سی آر محمد شہاب اسلم نے ضلع چکوال وتلہ گنگ میں ٹریفک سے متعلق ٹریفک مینجمنٹ پلان کی رپورٹ پیش کی جس پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر ڈرائیوروں، اوور لوڈنگ ، تیز رفتاری، ون ویلنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ کی چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تاکہ قیمتی جانوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔