جاتی امرا :نہری پانی کی قلت پر کسان پھٹ پڑے ، احتجاج کی کال دے دی
لاہور / رائےونڈ / جاتی امرا (آئی این پی )کاہنہ پچھر راجباہ میں نہری پانی کی شدید قلت کے خلاف علاقہ بھر کے کسانوں نے چوہدری ارشد گجر نمبردار کے ڈیرے پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں بڑی تعداد میں زمینداروں اور کسانوں نے شرکت کی۔ کسانوں نے شکایت کی کہ محکمہ ایریگیشن کو بارہا درخواستیں دینے کے باوجود پانی ٹیل تک نہیں پہنچ رہا جس سے سینکڑوں ایکڑ زمینیں بنجر ہو چکی ہیں۔ چوہدری ارشد گجر نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی نہ بنایا گیا تو ہم احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جلد نہری پانی کی بحالی نہ ہونے کی صورت میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری اقدامات کیے جائیں، ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔