زمینداروں کی نجی جیلوں پر چھاپے، 67 ہاری بازیاب
عمرکوٹ( ڈاکٹر ایم لال واگھانی ) عدالتی حکم پر پتھورو اور تعلقہ تھانے کی پولیس کے الگ الگ زمینداروں کی نجی جیلوں پر چھاپے، مبینہ طور پر قید 67 ہاری بازیاب، عدالت میں پیش ۔عمرکوٹ کے سیشن کورٹ میں درخواست گزار آسن کولہی، راشی کولہی اور ساجن کولہی کی الگ الگ درخواستوں پر سیشن جج عمرکوٹ کے حکم پر پتھورو پولیس نے زمیندار وکرم مہیشوری اور تعلقہ پولیس نے زمیندار سہراب مری اور زمیندار مشتاق دل کی زرعی زمینوں پر چھاپے مارے ۔پتھورو پولیس نے گاؤں عارب پلی میں زمیندار وکرم مہیشوری کی زرعی زمین پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر قید کولہی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین و بچوں سمیت 9 افراد کو بازیاب کرایا۔بازیاب کرائے گئے افراد میں ہریش کولہی، آسن کولہی، وکرم کمار، سومری، نجو، امرو اور دیگر شامل ہیں۔عمرکوٹ تعلقہ تھانے کی پولیس نے گاؤں ماکھیارو میں زمیندار سہراب مری اور گاؤں باگو دل میں زمیندار مشتاق دل کی زرعی زمینوں پر چھاپے مار کر 52 ہاریوں کو بازیاب کرایا۔بازیاب ہاریوں میں چندن، گوری، لچھمی، دھرمو، کشور، اشوک، نانجی، کملي، انیتا اور دیگر شامل ہیں۔پٹھورو اور تعلقہ تھانے کی پولیس نے تمام بازیاب ہاریوں کو سیشن جج عمرکوٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ہاریوں کے بیانات سننے کے بعد انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حکم دے دیا۔