ایل ڈبلیو ایم سی محرم الحرام میں تمام وسائل بروئے کار لائے گی : رضا علی سید
لاہور (آئی این پی )ایل ڈبلیو ایم سی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضا علی سید سے چیئرمین افضل ویلفیئر آرگنائزیشن”باوا حکیم فریاد افضل رانا "نے ملاقات کی جس میں محرم الحرام کے موقع پر صفائی ستھرائی اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر رضا علی سید نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی نے محرم الحرام میں عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی ہے، خصوصی اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں جو دن رات متحرک رہیں گے، جبکہ شہر کی تمام امام بارگاہوں، جلوس گزرگاہوں اور مرکزی مجالس والے مقامات پر خصوصی صفائی مہم شروع کر دی گئی ہے تاکہ عزاداران کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے، اُنہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے دوران کسی بھی مقام پر شکایت یا صفائی سے متعلق مسئلہ پیش آنے پر فوری کارروائی کے لیے فیلڈ سپروائزری ٹیمیں اور ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 متحرک رہے گی تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دقت نہ ہو، باوا حکیم فریاد افضل رانا نے ایل ڈبلیو ایم سی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صاف ستھرا اور پُرامن ماحول برقرار رکھنا نہایت اہم ہے اور ایل ڈبلیو ایم سی کی پیشگی منصوبہ بندی اور سنجیدہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں، رضا علی سید نے یقین دہانی کرائی کہ ایل ڈبلیو ایم سی اپنی تمام تر افرادی اور مشینی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے یومِ عاشورہ اور اس سے جڑے تمام ایام میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہے گی تاکہ زائرین اور عزاداروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس موقع پر باوا حکیم فریاد افضل رانا نے ایل ڈبلیو ایم سی کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افضل ویلفیئر آرگنائزیشن شہری اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ مل کر شہر میں محبت، اتحاد اور نظم و ضبط کا پیغام عام کیا جا سکے۔