علاقائی خبریں

یوم عاشور سیکیورٹی اور انتظامات مثالی عوامی حلقوں کا اداروں کو خراجِ تحسین

نارنگ منڈی(اے،آر،ملک سے)یوم عاشور کے موقع پر نارنگ منڈی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور بہترین حکمت عملی کے تحت مجالسِ عزا اور جلوسوں کے تمام پروگرام بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے پولیس تھانہ نارنگ ، میونسپل کمیٹی نارنگ منڈی، تحصیل انتظامیہ مریدکے، ریسکیو 1122، محکمہ صحت کا پیرامیڈیکل اسٹاف، حساس ادارے اسپیشل برانچ سکیورٹی برانچ انٹیلیجنس بیورو, واپڈا اور دیگر متعلقہ ادارے دن بھر متحرک اور چوکس رہے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے راستوں پر سخت نگرانی رکھی، واک تھرو گیٹس، CCTV کیمروں، اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔ ٹریفک کنٹرول کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا جبکہ پارکنگ ایریاز کی نشاندہی بھی کی گئی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔میونسپل کمیٹی نے صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی اور لائٹنگ کے انتظامات میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کے اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد دی جا سکے۔سرپرست اعلی تھانہ امن کمیٹی نارنگ چوھدری سخاوت علی ڈگرا صدر انجمن امامیہ چوھدری صداقت علی ڈگرا عوامی مذہبی سماجی اور سیاسی حلقوں نے ان تمام اداروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس بار یوم عاشور کے موقع پر جس منظم انداز میں سیکیورٹی اور انتظامات کیے گئے وہ قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کی باہمی رابطہ کاری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت امن و امان برقرار رہا اور شہری بلا خوف و خطر مجالس اور جلوسوں میں شریک ہوئے۔انہوں نے ڈی سی شیخوپورہ ڈی پی او شیخوپورہ اسسٹنٹ کمشنر مریدکے ایس ایچ او تھانہ نارنگ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ریگولیشن آفیسر نارنگ اور دیگر افسران کو شاندار انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ محرم الحرام کے انتظامات کیے جائیں گے۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button