آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ،نظام زندگی مفلوج
گلگت (نامہ نگار )گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں مسلسل بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جس سے مختلف علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ داریل، ڈوڈشال، بٹوگاہ، تھور اور کھنیر کے علاقوں میں سیلاب نے فصلوں، باغات، درختوں اور زرعی زمینوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ چلاس کے مضافاتی علاقے کھنیر میں بارش اور سیلابی ریلوں نے جل تھل ایک کر دیا، جہاں نہ صرف فصلیں اور باغات تباہ ہو گئے بلکہ رابطہ سڑکیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ دور افتادہ علاقہ ڈوڈشال میں ایک مسجد بھی سیلاب کی لپیٹ میں آ کر شہید ہو گئی۔ شہر چلاس میں بھی صورتحال سنگین ہے، جہاں صاف پینے کے پانی کی مرکزی پائپ لائنیں سیلاب کی زد میں آ کر تباہ ہو گئی ہیں، جس کے باعث شہر بھر میں پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ساتھ ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔