کرائمز

ایل ڈی پی کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، پیشرفت کا جائزہ

لاہور (آئی این پی) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیراعلی کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا اور ایم ڈی واسا سید غفران احمد نے اجلاس کو مختلف سکیموں پر بریفنگ دی جبکہ تمام ٹاﺅنز اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے علاقے میں ہونے والے کاموں کی رپورٹ پیش کی۔صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ٹائم لائن کے مطابق معیاری کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سڑکوں، گلیوں کی تعمیر و مرمت وزیراعلی مریم نواز کا فوکس ہے۔ مون سون موسم کی بارشوں سے پیدا ہونے والے کسی بھی تعطل کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی پی کے فیز ون کے بعد فیز ٹو پر کام جاری ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے پہلی بار پسماندہ علاقوں میں شہری سہولیات کی فراہمی کا میگا پراجیکٹ منظور کیا ہے۔ ٹھیکیداروں کے ساتھ طے پانے والے کنٹریکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانا انتظامی افسروں کی ذمہ داری ہے۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ دیہی علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ گلیوں کی معیاری تعمیر یقینی بنانے کے لئے ٹف ٹائلز کی بجائے پی سی سی کو ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر وزیراعلی کے معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ کسی علاقے میں کوئی پیچیدگی درپیش ہو تو سٹئیرنگ کمیٹی کے نوٹس میں لائی جائے۔ واسا اور ایم سی ایل سکیموں کو مربوط انداز میں مکمل کریں۔ ذیشان ملک نے ہدایت کی کہ جہاں ضروری ہو وہاں لیبر کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ ایل ڈی پی کے فیز ون کے چیلنجز سے سبق سیکھ کر فیز ٹو مکمل کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معیار اور شفافیت کا ہر مرحلے پر خیال رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے بتایا کہ وزیراعلی اور سٹئیرنگ کمیٹی کی ہدایات سامنے رکھ کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button