کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں،ادارے آئندہ30سال کی منصوبہ بندی کریں عبدالعلیم خان
لاہور(خواجہ حمزا )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی پنجاب ریجن کے دورے کے موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج ہی نہیں بلکہ آئندہ 30سال کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے معیار ی اور دیرپا تعمیرات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان روڈ سے رنگ روڈ تک زیر التوا کاموں کو جلد مکمل کرنے اور دیگر امور کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ لاہور سے سیالکوٹ موٹروے کو کھاریاں سے اسلام آباد تک لنک کر رہے ہیں جس سے اسلام آبادسے لاہور کی موٹروے پر ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کے ساتھ ساتھ 100کلومیٹر کا فاصلہ اور سفر کا دورانیہ بھی ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے سیالکوٹ اور اسلام آباد کی موٹروے سے گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم اور گوجرخان کے اضلاع بھی اسی موٹروے سے منسلک ہوں گے جس سے متعلقہ اضلاع کے شہریوں کو بالخصوص لاہور سے اسلام آباد سفر کے لئے مزید سہولتیں حاصل ہوں گی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں این ایچ اے افسران سے جاری منصوبوں پر رپورٹ طلب کی اور پنجاب ریجن کے مختلف منصوبوں، نئے انٹرچینجز اور دیگر تعمیرات پر ضروری ہدایات دیں۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سی ای او روڈا نے بھی شرکت کی اور مختلف محکمانہ امور پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سینئر افسران کے ہمراہ ملتان روڈ کے توسیعی تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور مختلف جگہوں پر رک کر موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے سینئر افسران کو مختلف ترقیاتی امور میں بہتر ی لانے کے لئے بھی ہدایات دیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے افسران کو ہڈیارہ ڈرین، رنگ روڈ تک ملتان روڈ کو خوبصورت بنانے کا ٹاسک دیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے دورے کے موقع پر شہریوں نے مختلف مقامات پر اُن کا خیر مقدم کیا اور ملتان روڈ پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کو سراہا۔