پنڈی بھٹیاں میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
پنڈی بھٹیاں (تحصیل رپورٹر) – پنڈی بھٹیاں میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا چکا ہے، رہی سہی کسر پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے نے پوری کر دی ہے۔ بازاروں میں سبزی، دال، گوشت اور دودھ سمیت بنیادی ضروریات کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ گئے ہیں بلکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی خاموشی اور قیمتوں پر قابو نہ پانے کی پالیسی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مزدور طبقہ، دیہاڑی دار اور سفید پوش افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔