آل پاکستان انجمن تاجران کاپراپرٹی ٹیکس میں اضافے ،ر پرچون دکانوں پرچھاپو ں کےخلاف احتجاج
لاہور( آئی این پی)آل پاکستان انجمن تاجران نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے او ر پرچون دکانوں پرچھاپو ں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران لاہور کا اجلاس صدر میاں طارق فیروز کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں مرکزی صد ر اشر ف بھٹی نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر صدر آل پاکستان انجمن تاجران ہال روڈ مظفر عالم ،صدر لٹن روڈ ملک ناظم،انجمن تاجران دھرمپور بازار کے مرزا اطہر،کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہرثقلین بٹ،رحمان گلیاں کے صدر چوہدری نذیر ،ٹمپل روڈ کے صدر احسن اختر اور دیگر شریک ہوئے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس میں بے پناہ اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے تاجر طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے ،ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت ہمارے تحفظات پر نوٹس لے کر اس پر نظر ثانی کرے گی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ پرچون دکانداروں کے خلاف کارروائیاں نا قابل قبول ہیں ، حکومت اپنے اعلان کردہ نرخوں پر شوگر ملز اور ڈیلرز سے چینی کی سپلائی کو یقینی بنائے اگر اس کے بعد خلاف ورزی ہوتی ہے تو بیشک کارروائی کی جائے ۔ اجلاس میں انار کلی میں پارکنگ پلازے کی تعمیر کے لئے پیشرفت پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا گیا۔