یوم شہداءپولیس کی تقریب ، شرکاءکا شہداءکی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین
لاہور (آئی این پی)یومِ شہداءپولیس کے سلسلے میں لاہور پولیس کے زیر اہتمام الحمراءمیں پیر کے روز ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، لاہور پولیس کے آرکسٹرا نے قومی ترانے کی دھنیں بکھیر کر شرکا کو گرما دیا ۔ پنجاب پولیس کے بینڈ نے شہدا کی فیملیز کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے شرکا ءنے شہداءپولیس کی بے مثال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ یوم شہداءپولیس کی مناسبت سے منعقد تقریب میں شرکت انکے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہے، اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ نہایت اہم سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال قبل چیف سیکرٹری کے عہدے کا چارج سنبھالا تو آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہداءکی ویلفیئر کے اقدامات زیر التواءہونے سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداءکے اہلخانہ کیلئے کئے گئے تمام ویلفیئر اقدامات کا کریڈٹ سابق نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہداءپولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ تقریب میں پولیس شہدا کی فیملیز،سہیل احمد عزیزی، افتخار ٹھاکر، سید نور، حمیرا ارشد سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی جبکہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اوردیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔