ستھرا پنجاب پروگرام کی پیش رفت کے حوالے سے کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس
گوجرانوالہ ( نامہ نگار ) کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی کی زیرِ صدارت ستھرا پنجاب پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد ،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سی ای او میٹرو پولیٹن کارپوریشن حیدر علی چٹھہ،،دائریکٹرلوکل گورنمنٹ قمر زیشان اور صفائی سے متعلق دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اور اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف ماحولیات کو محفوظ بنایا جائے گا بلکہ شہریوں کو صحت مند زندگی گزارنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، سیوریج نظام کی بہتری ، باقاعدہ صفائی نظام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ مانیٹرنگ سسٹم کو مؤثر بنایا جائے اور ہر تحصیل و یونین کونسل کی سطح پر عملدرآمد کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر جمع کروائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے عملے کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے فیلڈ وزٹس کیے جائیں گے، اور ناقص کارکردگی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو گوجرانوالہ ڈویژن میں ایک ماڈل کے طور پر نافذ کیاگیا ہے تاکہ دوسرے اضلاع کے لیے بھی یہ مثال بن سکے۔