پنجاب اسمبلی میں سیاحت کی قائمہ کمیٹی کا پہلا اجلاس
لاہور( آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں سیاحت کی قائمہ کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین ملک لال محمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈپارٹمنٹل کمیٹیز-IIعامر لیاقت چھٹہ، سیکرٹری ٹورزم پنجاب اور سیاحت کے محکمے کے دیگر افسران شریک تھے، سیاحت کے محکمے کی جانب سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پاکستان کے سیاحت کے شعبے کے معاشی اثرات کو اجاگر کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیاحت پاکستان کی مجموعی جی ڈی پی میں 5.9فیصد حصہ ڈالتی ہے، شعبے نے 4کروڑ 10لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں، ہر سال تقریباً 12لاکھ غیر ملکی سیاح پاکستان آتے ہیں جو تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر خرچ کرتے ہیں، ملکی سیاح تقریباً 2,900ارب روپے خرچ کرتے ہیں۔ اجلاس کے دوران کمیٹی نے سہولیات کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے چولستان اور قلعہ دراوڑ کے دورے کی تجویز دی، محکمے نے ان دوروں کے انتظامات کرنے پر اتفاق کیا تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔اجلاس کا اختتام شرکاءکی کاوشوں کو سراہنے کے ساتھ ہوا۔