3416 کلو ناقص گوشت اور 14ہزار400لیٹر ملاوٹی دودھ تلف
لاہور (آئی این پی)ڈی جی فود اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا صوبہ بھر میں کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق 3ہزار 983فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 11پوائنٹس بند جبکہ 408 کو 56لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 18 مقدمات درج کروائے گئے، جاری تفصیلات کے مطابق 64ہزار 500 کلو گوشت اور 7لاکھ 82ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی جبکہ 3416 کلو ناقص گوشت اور 14ہزار400 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا 1188دودھ بردار گاڑیوں اور 435 ملک شاپس کی چیکنگ کی گئی، تلف کردہ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور غذائیت کی کمی پائی گئی، مزید برآں لاہور کنال روڈ پر سپلائر گاڑی نمبری MNK?3498 سے 38 من سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کی گئی، مرغیاں بوریوں میں چھپا کر سپلائی کی جا رہی تھیں، سپلائی کی جانے والی مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، مرغیاں مردہ پائی گئیں،مردہ مرغیاں پیمکو بٹھی میں جلا کر تلف کر دی گئیں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا انسانی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں،لاہور سمیت پنجاب بھر سے جعلسازی کرنے والوں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے،وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر پنجاب بھر سے صحت دشمنوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔