مغوی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت 20 اگست کو مقرر
لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ میں مغوی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت 20اگست کو مقرر کر دی گئی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم، سائلہ اقرا شہزادی کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کریں گی۔ درخواست گزار نے سولہ جون 2022ءکو مغوی کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے سی پی او فیصل آباد کو مغوی کی بازیابی کے لیے 20جولائی تک مہلت دے رکھی تھی۔ گزشتہ سماعت کے دوران سی پی او فیصل آباد، صاحبزادہ بلال عمر، عدالت میں پیش ہوئے مگر عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔سی پی او کی جانب سے پیش کی گئی سابقہ رپورٹ کے مطابق، مغوی کی بازیابی کے لیے ایس ایس پی کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مغوی کی عدم بازیابی پر متعلقہ پولیس افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ اب عدالت 20اگست کو کیس کی مزید کارروائی کرے گی اور پولیس حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کرے گی۔