ضلعی کی خوبصورتی میں اضافہ ہمارا مشن ہے ‘ سید حسن رضا
نارووال(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلع نارووال میں تجاوزات کا خاتمہ اور اسکی خوبصورتی میں اضافہ ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے حکومتِ پنجاب،ضلعی انتظامیہ اور عوام الناس کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا نے ضلع نارووال کی ستھرا پنجاب اور انسداد تجاوزات کے حوالے سے منعقد کردہ میٹنگ میں کیا۔اس موقع پر ضلع نارووال کے شکرگڑھ،نارووال اور ظفروال جیسے مرکزی شہروں کے بیوٹیفکیشن پلانز اور ایگزیکیوشن کی منصوبہ بندی بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔میٹنگ کے شرکا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور چوکوں کی تزئین و آرائش کے سلسلے میں مرکزی چوراہوں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی ضروری مرمت کی جائے گی اور شہروں میں سٹریٹ لائیٹیں لگائی جائیں۔شہروں میں موجود پارکوں میں ضروری تعمیرات کے ساتھ ساتھ پلانٹیشن اور لینڈسکیپنگ کے کام کے علاوہ بچوں کے جھولے، بزرگوں کے لیے واکنگ ٹریک، اور خوبصورت باغیچوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔شہروں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ شہروں میں صفائی ستھرائی کے دیر پا انتظامات کرنے کیلئے مزید کوڑا دانوں کی تنصیب کی جائے گی اور سینٹری ورکرز کی حاضری اور کام کی مانیٹرنگ کے سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے گا۔شہروں میں پہلے سے موجود وال چاکنگ کو ختم کیا جائے گا اورضلع نارووال کی حدود میں ایڈورٹائزنگ فلیکسز اور بینرز آویزاں کرنے پر عائد کردہ پابندی پر سختی سے عمل کروایا جائےگا،انکا مزید کہنا تھا کہ شہروں کے داخلی راستوں کو مزید دلکش بنانے کیلئے خوش آمدیدی بورڈ، فلیگ پولز لگانے کے ساتھ ساتھ وہاں خوبصورت لینڈ اسکیپنگ کی جائے گی،اور ان تمام امور کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے بارے ہدایات صادر کی گئیں۔