عوامی اعتماد کو خدمت کے ذریعے سراہا ہے ‘ چودھری شہزاد نذیر سندھو
لاہور(آئی این پی) چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی و مسلم لیگی رہنما چودھری شہزاد نذیر سندھو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ہمیشہ عوامی خدمت اور ترقی رہا ہے، آج جس طرح اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے عوام کی دہلیز پر پہنچائے جا رہے ہیں، یہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اور خدمت کے جذبے کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی اعتماد کو خدمت کے ذریعے سراہا ہے اور آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی صرف (ن) لیگ کی حکومت ہی یقینی بنا سکتی ہے۔ ہم اپنے قائدین میاں نواز شریف، شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی خوشحالی اور ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔چودھری شہزاد نذیر سندھو نے کہا کہ قانون اشتہاریوں اور مفروروں کو پکڑنے کا پابند ہے، یہ کسی کی ذاتی خواہش نہیں بلکہ ریاستی ذمہ داری ہے۔پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں قانون کی حکمرانی قائم ہے،یہ عمران خان کی حکومت نہیں جہاں طے کیا جاتا تھا کہ کس کو اٹھانا ہے اور کس کو چھوڑنا ہے۔ یہ مریم نواز کی حکومت ہے جہاں تمام ادارے آزاد اور خودمختار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت انصاف، قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر ہر قدم اٹھا رہی ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا،جو افراد نو مئی کے مقدمات میں نامزد اور قانون کو مطلوب ہیں، ان کا جیل جانا ناگزیر ہے۔