لاہور:کرنٹ لگنے سے نوجوان کی ہلاکت پر لیسکو چیف کی وضاحت
لاہور (آئی این پی ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے وضاحت کی جاتی ہے کہ ویلنشیا ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والا نوجوان لیسکو کا ملازم نہیں تھا بلکہ وہ ویلنشیا ٹاؤن سوسائٹی کا ذاتی طور پر بھرتی شدہ ملازم تھا۔ویلنشیا ٹاؤن سوسائٹی کو بجلی کی فراہمی لیسکو کے ذریعے کی جاتی ہے تاہم اس کی الیکٹرک مینٹیننس اور لائن اسٹاف کی تعیناتی سوسائٹی خود کرتی ہے۔ لیسکو کا سوسائٹی کے عملے کی بھرتی، نگرانی یا حفاظتی اقدامات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انسانی جان کے ضیاع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کی ہے۔لیسکو عوام اور تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز پر زور دیتی ہے کہ وہ بجلی کے کاموں کے لیے ہمیشہ مستند اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کریں اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔