ریلوے اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ایف سی معاونت کرے گی
لاہور( آئی این پی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس می پاکستان ریلویز کی سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ملک بھر خصوصابلوچستان میں ریلوے لائنز اور ٹرینوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں ریلویز کی اراضی پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کانسٹیبلری ، ریلویز پولیس کے ساتھ مل کر انسداد تجاوزات آپریشن میں حصہ لیں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی انسداد تجاوزات آپریشن میں ریلویز پولیس سے پورا تعاون کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریلویز ٹریکس اور ٹرینوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور ریلوے پولیس کی مدد کی جائے گی ،مسافروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹرین چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریلویز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے حنیف عباسی کے دور میں منفرد اقدامات کو سراہا ۔وزیر ریلویز حنیف عباسی نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے فیڈرل ریزرو پولیس کی معاونت پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا ۔ اجلاس میںچیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ، آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔