سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 50 ملین روپے کے فنڈز جاری
بہاول پور(نامہ نگار )ضلعی انتظامیہ بہاولپور کی جانب سے سیلاب کی موجودہ صورتحال بارے اہم پریس بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق ، رکن قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں محمد عثمان نجیب اویسی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات بارے معلومات فراہم کیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ42 ہزار افراد اور 25 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر بہاولپورڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 82 سرکاری و نجی اسکول بند ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بند سکول کے بچوں اور تدریسی عملے کو محفوظ علاقوں کے اسکولوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پر تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو حکومت پنجاب کی جانب سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر 50 ملین روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے بروقت سیلاب سے نمٹنے کے حفاظتی اقدامات کے تحت 42 ہزار افراد اور 25 ہزار مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سیلاب سے مجموعی طور پر 60 دیہات متاثر ہوئے ہیں جن میں سے دو مکمل طور پر زیر آب آئے ہیں جبکہ 58 دیہاتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ”کلینک آن ویلز” کی 26 گاڑیاں فیلڈ میں کام کر رہی ہیں، جبکہ جھانگڑا شرقی میں ایک فیلڈ ہسپتال بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے جانوروں کی فوری ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے جانوروں کے لیے ایک ہزار کلوگرام ونڈا بھی فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تمام سرکاری ادارے متاثرین کی امداد کے لیے مصروف عمل ہیں اور ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔