ملتان ریجن پولیس پاک فوج اور ریسکیو ٹیموں کا جلالپور پیر والہ میں مشترکہ ریسکیو آپریشن
شجاع آباد(اظہرتاج قریشی ) ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی قیادت میں جلالپور پیر والہ اور گردونواح کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پولیس کی امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ اس موقع پر ملتان پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں شہریوں کے انخلا اور امدادی کارروائیوں میں پیش پیش ہیں ترجمان کے مطابق پاک فوج کے تعاون سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے، جس کے دوران متاثرہ دیہات سے خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے خود متاثرین میں خوراک اور راشن تقسیم کیا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب پولیس متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
آر پی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن پر رابطہ کریں