شہر میں درختوں کی کٹائی کے واقعات جاری،انتظامیہ خاموش
لاہور(نیوز رپورٹر) شہر میں درختوں کی کٹائی کے واقعات نہ رک سکے، ایک ہفتے کے دوران درخت کاٹنے کا یہ تیسرا واقعہ سامنے آگیا ہے۔تازہ واقعہ کینال روڈ پر گارڈن ٹاؤن کے قریب پیش آیا جہاں نجی دفاتر کی جانب سے سیکیورٹی کے نام پر گرین بیلٹ پر لگے تناور درخت کاٹ دیے گئے، حالانکہ عدالت اور حکومت کی جانب سے اس عمل پر پابندی عائد ہے۔ذرائع کے مطابق کمزور نگرانی اور محکمہ پی ایچ اے کی غفلت کے باعث شہریوں نے درختوں کی کٹائی کو معمول بنا لیا ہے۔ گزشتہ روز بھی گارڈن ٹاؤن میں ایک شہری نے درخت کاٹا جبکہ چند روز قبل مغل پورہ کے علاقے میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا۔ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ درختوں کی بے دریغ کٹائی ماحولیاتی آلودگی میں اضافے اور شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری ایکشن لے کر ذمے داران کے خلاف کارروائی کرے تاکہ درختوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔