علاقائی خبریں

ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش 100 سے زائد کمپنیاں شریک ہوں گی

لاہور( کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )41ویں عالمی نمائش کے چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اشتراک سے 7سے9اکتوبر لاہور میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی نمائش کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں ،روایتی حریف بھارت کی جانب سے اسی طرز کی نمائش کااعلان یقینی طور پر چیلنج ہے جس کے پیش نظر پاکستانی منتظمین عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے بھرپور عزم کے ساتھ دن رات کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین پی سی ایم ای اے میاں عتیق الرحمان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک،چیف آرگنائزر اعجازالرحمان،چیف کوارڈی نیٹر میجر (ر)اختر نذیر خان ،سینئر ممبر عثمان اشرف ،سعید خان ، سیکرٹری پی سی ایم ای اے محمد ریاض اور دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش میںمختلف خطوں کے 40ممالک سے 100سے زائد غیر ملکی کمپنیاں شریک ہوں گی ،قوی امید ہے کہ یہ نمائش نہ صرف ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو بھرپور تقویت دے گی بلکہ برآمدات کے فروغ کے ذریعے پاکستا ن کیلئے قیمتی زر مبادلہ کے حصول کا بڑا ذریعہ بھی ثابت ہو گی ۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر اداروں کی جانب سے ہر طرح کی معاونت ملنے سے بھرپور کامیابی کے لئے پر امید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نمائش کا مقصد پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے،اس میں اعلیٰ معیار کے ساتھ جدید اور روایتی ڈیزائنوں سے مزین ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات پیش کی جائیں گی جو محض مصنوعات نہیں بلکہ پاکستانی ہنر مندوںکی مہارت اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کریں گی ۔ عالمی نمائش غیر ملکی خریداروں کے لیے پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے اور ہمارے لئے مختلف خطوں کے نئے رجحانات سے آگاہی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہو گی ،ہم اسے صرف تین روز کی تقریب کے تناظر میں نہیں دیکھ رہے بلکہ اس کے ذریعے مضبوط روابط کے نئے باب کھولے جائیں گے جن کے دورس نتائج مرتب ہوں گے ۔ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عالمی نمائش کے انعقاد کے اعلان کے بعد روایتی حریف بھارت کا پیروی کرتے ہوئے نمائش کا اعلان کرنا ثابت کرتا ہے کہ پاکستان ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کی عالمی منڈی میں ایک متحرک اور مسابقتی طاقت ہے۔مختلف خطوں کی کمپنیوں کے ساتھ عالمی نمائش کا پاکستان میں انعقاد اور اس کی سو فیصد کامیابی یقین طور پر ایک چیلنج ہے اسی لئے تمام لوگ انفرادی اور اجتماعی طور پر اس کی بھرپور کامیابی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں ۔ہمارا مشترکہ عزم ہے کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی جدت اور تخلیقی صلاحیت کو دنیا کے سامنے بے مثال انداز میں پیش کیا جائے، عالمی نمائش غیر ملکی خریداروںکے لیے اعلیٰ معیارکے ساتھ جدید اور روایتی ڈیزائنوں کا ایک زندہ میوزیم ثابت ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button