پی ٹی سی ایل انٹر نیٹ کی بدمعاشی، صارفین سراپا احتجاج
چوک سرورشہید (تحصیل رپورٹر) محکمہ پی ٹی سی ایل انٹر نیٹ کی بدمعاشی، دونوں ہاتھوں سے صارفین کو لوٹنے لگے، بغیر صارف کی اجازت کے پیکج ٹیرف کو بڑھا کر ہرماہ بل میں کئی گنا اضافہ کرنے لگے ہزاروں روپے ماہانہ بل انتہائی ناقص سروس اور مہنگی سروس، عوام پریشان، شہری دھڑا دھڑ پی ٹی سی ایل کنکشن کٹوانے لگے، اگر یہی رویہ رہا تو پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ کنکشن کا پاکستان سے صفایا ہوجائے گا، وفاقی حکومت نوٹس لے اور پاکستانی براڈبینڈ سروس کو عوام کے لئے آسان اور سستا کرے، عوام کا مطالبہ، تفصیل کے مطابق محکمہ پی ٹی سی ایل نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے،چار ایم بی پیکج جو کہ پرائیویٹ کمپنیاں 1500 روپے ماہانہ پر مہیا کررہی ہیں اور فائبر سسٹم ہونے کی وجہ سے اسکی سپیڈ بھی پی ٹی سی ایل سے کئی گنا زیادہ ہے، یہی چار ایم بی، پی ٹی سی ایل نیٹ 3500 روپے سے چار ہزارروپے میں دے رہا ہے۔ جبکہ پی ٹی سی ایل انٹر نیٹ کی سروس بھی انتہائی ناقص ہے۔ اسکا عملہ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کررہا ہے۔ اور ستم ظریفی یہ کہ پی ٹی سی ایل حکام بغیر صارف کو بتلائے اسے پیکج ٹیرف بڑھا دیتے ہیں، اور ماہانہ بل میں بھی تسلسل کے ساتھ اضافہ کیا جارہا ہے 1800 روپے ماہانہ پر لگایا گیا کنکشن چند ہی ماہ میں 3500 روپے سے 4000 روپے تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ چوک سرورشہید کے شہریوں نے بتلایا کہ اگر یہی صورت حال رہی تو پاکستان کی پہچان بننے والا پی ٹی سی ایل کا پاکستان سے صفایا ہوجائے گا، کیونکہ پرائیویٹ کمپنیوں کی انٹر نیٹ سروس فائبر تیز ی سے عوام میں مقبول ہورہی ہے وہ ماہانہ 1500 روپے فکسڈ وصول کررہے ہیں اور سپیڈ بھی زیادہ ہے شہریوں نے وفاقی حکومت خصوصاً وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے کو بچائیں اور اس میں جدت لانے کے ساتھ ساتھ عوام کو کم نرخوں پر انٹرنیٹ مہیا کرنے کے لئے اقداما ت کریں اور چوک سرورشہید میں فلیش فائیبر سسٹم لگایا جائے اور پرانا DSL/PTCL فرسودہ نظام کاخاتمہ کیا جائے