علاقائی خبریں

مفادِ عامہ کی درخواست دائر کرنا اسکی تیاری آسان کام نہیں ہوتا‘لاہور ہائیکورٹ

لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے سی سی ڈی کے قیام اور ایڈیشنل آئی جی، سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کے دو عہدوں کے خلاف دائر درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ایڈووکیٹ میاں شاہد محمود کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے کیا متفرق درخواست دائر کی ہے؟۔جس پر میاں شاہد محمود ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم کے مطابق ترمیمی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ ترمیمی درخواست کا نمبر کیا ہے؟۔وکیل نے جواب دیا کہ یہ متفرق درخواست نمبر تین ہے، ترمیم شدہ پٹیشن دائر کی گئی ہے۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ متفرق درخواست کا پہرہ دو پڑھیں اور بتائیں کیا آپ نے ترمیم کے لیے عدالت سے اجازت لی ہے؟۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ترمیم کی اجازت دی تھی اور اسی کے مطابق درخواست میں ترمیم کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر کسی جگہ کمی بیشی رہ گئی ہو تو درست کر لی جائے گی۔دوسری جانب اسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وقاص عمر نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار نے پہلے بھی ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی کو ہٹانے کے لیے درخواست دائر کی تھی جو نمٹا دی گئی تھی، اب دوبارہ بغیر اجازت متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔میاں شاہد محمود ایڈووکیٹ نے وضاحت دی کہ پہلی درخواست مختلف نوعیت کی تھی، اس میں ایڈیشنل آئی جی کے دو عہدوں کے خلاف استدعا کی گئی تھی جبکہ اس نئی درخواست میں سی سی ڈی کے قیام کو چیلنج کیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے کوئی سرٹیفکیٹ لگایا ہے کہ یہ دوسری متفرق درخواست ہے؟۔وکیل نے جواب دیا کہ یہ عدالت میں پہلی متفرق درخواست ہے، دوسری عدالت کے آرڈر کی کاپی ساتھ منسلک کی گئی ہے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ مفادِ عامہ کی درخواست دائر کرنا اور اس کی تیاری آسان کام نہیں ہوتا۔درخواست گزار نے کہا کہ یہ رٹ آف کو وارنٹو ہے، جس کے لیے میرا متاثرہ فریق ہونا ضروری نہیں۔سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button