فراڈ مقدمہ ضمانت کا کیس،آر پی اوفیصل آبادطلب
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) لاہور ہائیکورٹ نے فراڈ کے مقدمے میں ملوث ملزم کی ضمانت کی درخواست پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او)فیصل آباد ذیشان اصغر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ملزم محمد ایوب سمیت دیگر کی جانب سے دائر درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے سماعت کے دوران مختلف پہلوئوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آر پی او فیصل آباد کو 16 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ واصف جاوید سپرا اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ فیصل آباد میں فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا، حالانکہ معاملہ فیصل آباد سے تعلق نہیں رکھتا۔وکیل کے مطابق مقدمہ محمد ایوب سمیت پانچ خواتین کے خلاف درج کیا گیا ہے جبکہ جس جانشینی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے مقدمہ بنایا گیا ہے، وہ لاہور کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ جانشینی سرٹیفکیٹ کا مقدمہ ابھی حتمی طور پر طے نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود فیصل آباد میں مقدمہ درج کر کے درخواست گزاروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر کو طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ آئندہ سماعت پر وضاحت پیش کریں کہ لاہور میں زیرِ سماعت مقدمے کے باوجود فیصل آباد میں مقدمہ درج کرنے کی کیا قانونی حیثیت بنتی ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔