وقف املاک بورڈ میں غیر قانونی ترقیوں کی تحقیقات شروع
لاہور(خبر نگار)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل نے مبینہ غیر قانونی ترقیوں اور سرکاری خزانے کو پہنچنے والے بھاری نقصان کے معاملے پر باقاعدہ انکوائری شروع کرتے ہوئے ای ٹی بی پی سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے آنے والے اس اچانک ایکشن نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے اندر ہلچل مچا دی ہے کیونکہ یہ انکوائری شہری طاہر محمود کی جانب سے دائر کی گئی شکایت پر شروع کی گئی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بورڈ کے بعض افسران نے قواعد کے برعکس BS-18 سے BS-19 تک غیر قانونی ترقیاںحاصل کیں اور اس کے نتیجے میں غیر مجاز تنخواہیں و مراعات وصول کرتے رہے جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ ایف آئی اے نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو بھیجے گئے باضابطہ خط میں واضح کیا ہے کہ تحقیقات کو میرٹ پر مکمل کرنے کیلئے تمام ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تحقیقاتی اقدام سامنے آتے ہی ادارے میں بے چینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مبینہ بے ضابطگیوں کی تصدیق ہوئی تو تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے اور کئی افسران کو قانونی نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ ایف آئی اے نے ای ٹی بی پی انتظامیہ سے ”فوری جواب“ طلب کیا ہے۔