موٹی چینی نایاب،صارفین بازاروں،دکانوں پر خوار
لاہور (نیوزرپورٹر) شہر میں موٹی دانے دار چینی کی قلت نے سنگین صورت اختیار کر لی۔ مارکیٹ میں زیادہ تر جگہوں پر پاؤڈر نما باریک چینی دستیاب ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ باریک چینی استعمال میں زیادہ جبکہ مٹھاس میں کم ہے، جس کی وجہ سے چائے، مشروبات اور مٹھائیوں کا ذائقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ بیکری مالکان اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شکایت کی ہے کہ باریک چینی کے باعث پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے جبکہ معیار بھی برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے درآمدی چینی کی قیمت 179 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی کا معیار مختلف اور ذائقہ کمزور ہونے کے باعث خریدار زیادہ تر مقامی دانے دار چینی کو ترجیح دیتے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی سطح پر معیاری چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔