برساتی نالوں میں طغیانی، سکولوں اور گھروں میں پانی داخل
سوات (کرائمز پوائںٹ ڈاٹ کام )طویل خشک سالی کے بعد وادیِ سوات میں منگل کے روز تیز بارش، شدید ژالہ باری اور پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری نے موسم کا نقشہ بدل دیا۔ مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور مینگورہ شہر کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شدید بارش اور گھپ اندھیرے کے دوران مختلف علاقوں میں آسمانی بجلیاں گرنے کی اطلاعات ملیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شہر کے کئی مکین حفاظتی طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے جبکہ انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا۔ ادھر وادی کالام اور مالم جبہ میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری نے وادی کا حسن دوبالا کر دیا۔ پہاڑوں پر برف کی سفید چادر بچھ گئی، جس سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا اور ہوٹلوں میں رش بڑھ گیا۔ سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے اور شہریوں نے گرم ملبوسات اور ہیٹرز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوات اور بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔