کرنل جاوید صفدر کاہلوں،چوہدری خضر الیاس کا ٹھیٹھر والی کا دورہ
نارووال (نامہ نگار)سابق ضلع ناظم کرنل جاوید صفدر کاہلوں اور سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری خضر الیاس نے نصراللہ مہیس کے والد، معروف سماجی شخصیت چوہدری صفدر مہیس مرحوم کی دعائے مغفرت کے لیے گاؤں ٹھیٹھروالی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔
دعائیہ تقریب میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت اہالیانِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء میں رانا امان اللہ، سابق اسٹوڈنٹ یونین رہنما چوہدری مسعود کھنگوڑا، سابق ناظم اشتیاق گھمن، معروف بزنس مین اشتیاق گورایہ، خواتین رہنما میڈم نزیراں سمیت دیگر معززین شامل تھے۔
اس موقع پر سابق ضلع ناظم کرنل جاوید صفدر کاہلوں اور سابق ایم پی اے چوہدری خضر الیاس نے مرحوم کی سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری صفدر مہیس مرحوم ایک نیک سیرت، ملنسار اور خدمتِ خلق کا جذبہ رکھنے والی شخصیت تھے، جن کی کمی عرصہ دراز تک محسوس کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔