امن و امان پر سمجھوتہ قابل قبول نہیں کیا جائے گا،ایس ایس پی نصیرآباد
کوئٹہ (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر کی زیر صدارت پولیس تھانہ شہید ہداہت اللہ کولاچی صدر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک نصیرآباد رینج میاں داد عمرانی، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز جن میں ایس ڈی پی او سٹی محمد شمن سولنگی، ایس ڈی پی او چھتر غلام حیدر منجھو، ایس ڈی پی او تمبو امیر جان مگسی، سرکل سٹی کے تمام ایس ایچ اوز، صحافی برادری، اقلیتی برادری، تاجر برادری، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا اور عوام و پولیس کے مابین اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے جائیں گے، جبکہ جو مسائل انتظامیہ سے متعلق ہوں گے ان کے حل کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو بھی باضابطہ طور پر تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔بعدازاں کھلی کچہری کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جہاں شرکاء نے فرداً فرداً اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر نے تمام مسائل کو بغور سنا اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو موقع پر ہی ہدایات جاری کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل اور مقررہ مدت میں رپورٹس پیش کرنے کا الٹی میٹم دیا۔آخر میں ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بطور ایس ایس پی نصیرآباد تعیناتی کا اولین مقصد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ امن و امان کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں کیا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش کے عمل میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر شفاف، غیر جانبدار اور مؤثر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔ایس ایس پی نصیرآباد نے اس موقع پر مزید کہا کہ تبادلوں اور تقرریوں کا عمل بغیر کسی معقول وجہ کے عمل میں نہیں لایا جائے گا اور نصیرآباد پولیس کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد رکھا جائے گا۔ کسی بھی قسم کی غیر مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے علاقے کے معتبرین سے اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے صحافی برادری اور سوشل ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے، تاہم عوام تک صرف مصدقہ اور درست معلومات ہی پہنچائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر پولیسنگ کے فروغ کے لیے آئندہ ہر تھانے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں متعلقہ علاقوں کے عوام کو مدعو کرکے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ان کے سامنے جوابدہ بنایا جائے گا۔کھلی کچہری کے شرکاء نے ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کھلی کچہری کا اختتام دعا سے کیا گیا۔