ٹیکسلا ،موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ
راولپنڈی(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ میں گزشتہ رات موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے دوران 2 خطرناک و مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارکرکے گن پوائنٹ پر چھینا گیا موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمدکرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ میں گزشتہ رات موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے دوران 2 خطرناک و مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2 فرار ہو گئے، زیر حراست زخمی ڈاکوئوں سے شہری سے چند دن قبل گن پوائنٹ پر چھینا گیا موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت زبیر اور فہیم عرف عمران کے ناموں سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان جڑواں شہروں میں ڈکیتی،وہیکلز چوری اور اسلحہ ناجائز کے متعدد مقدمات میں ملوث و مطلوب ہیں، پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران پولیس نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچنگ کی جا رہی ہے، زخمیوں کو علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ڈاکوئوں کی فائرنگ کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے مطلوب ڈاکوؤں کی گرفتاری اور چھینے گئے موٹر سائیکل کی برآمدگی پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او ٹیکسلا اور ٹیکسلا پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔