7ملزمان گرفتار ، 60 لیٹر سے زائد شراب برآمد
راولپنڈی (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام) راولپنڈی پولیس نے سات ملزمان کو گرفتار کر کے 60 لیٹر سے زائد شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ صادق آباد پولیس نے کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے 20 لیٹر شراب برآمد کی جبکہ تھانہ پیرودھائی پولیس نے بھی ایک ملزم کو حراست میں لے کر 20 لیٹر شراب قبضے میں لی۔اسی طرح تھانہ رتہ امرال پولیس نے ایک ملزم سے 10 لیٹر شراب، تھانہ واہ کینٹ پولیس نے ایک ملزم سے 10 لیٹر شراب اور تھانہ کلر سیداں پولیس نے ایک ملزم سے شراب کی ایک بوتل برآمد کی۔ دوسری جانب تھانہ ٹیکسلا پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا جبکہ تھانہ چکری پولیس نے بھی ایک ملزم کو حراست میں لے کر اسلحہ معہ ایمونیشن قبضے میں لے لیا۔ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن افراد کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔