رینجرز وپولیس کا آپریشن،3ٹرانسفارمرز ضبط،5ملزمان گرفتار
لاہور (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) رسول نگر گائوں میں بجلی چوروں اور لیسکو ٹیم پر حملہ آور عناصر کے خلاف رینجرز و پولیس نے گرینڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 3 ٹرانسفارمرز ضبط اور5 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ترجمان کے مطابق ایس ای قصور کامران شوکت کی زیرِ نگرانی، ایکسیئن رورل محمد جاوید اور ایس ڈی او(رورل ایریا) نثار احمد خان نے لیسکو اسٹاف، رینجرز، پولیس اور پانچ تھانوں کی ایلیٹ فورس کے ہمراہ رورل ایریا سب ڈویژن قصور کی حدود میں واقع گائوں رسول نگر میں بجلی چوروں کے منظم گروہ کو پکڑ لیا۔آپریشن کے دوران لیسکو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 3 عدد ٹرانسفارمرز اتار لیے جبکہ ڈائریکٹ سپلائی پر چلنے والے 2 ٹیوب ویل اور ایک پوری آبادی کو فراہم کی جانے والی غیر قانونی بجلی منقطع کر دی گئی۔اس دوران 15 اسپین ایل ٹی اور ایچ ٹی تاروں سمیت درجنوں سروس کیبلز قبضے میں لے کر بجلی چوری کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، مزید برآں موقع سے 5 انتہائی مطلوب بجلی چوروں کو گرفتار کر کہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا جبکہ مفرور بجلی چوروں کی تلاش جاری ہے۔واضح رہے کہ گائوں رسول نگر بجلی چوری کے حوالے سے انتہائی حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں 90 فیصد صارفین چوری میں ملوث ہیں ، گزشتہ برس بھی یہاں کے مکینوں نے لیسکو اور پولیس کی ٹیموں پر حملہ کیا تھا۔ حالیہ دنوں میں اے بی سی پروجیکٹ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور اشتعال انگیزی پھیلانے کی مزاحمت کے باوجود لیسکو ٹیم نے بہادری سے کارروائی مکمل کی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے اس کامیاب آپریشن پر پولیس رینجرز اور لیسکو ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چور قوم کے مجرم ہیں ،ان کی سرپرستی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔