گاڑیوں میں سوار شہریوں اور فیملیوں کو اسلحہ کے زور پر ہراساں کرنیوالا ملزم گرفتار
اسلام آباد(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام)اسلام آباد پولیس نے گاڑیوں میں سوار شہریوں اور فیملیوں کو اسلحہ کے زور پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ شالیمار پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مختلف شاہراہوں اور ویران مقامات پر ہراساںکرنے اور اسلحہ کے زور پر نقدی چھیننے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت شکیل احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ملزم شہریوں خصوصاً فیملیوں کو اسلحہ کے زور پر خوفزدہ کر کے ان سے نقدی چھیننے میں ملوث تھا۔ پولیس ٹیم نے انسانی اور تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیااور ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ معہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔کسی بھی جرائم پیشہ عنا صر کو عوام الناس کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک چیز یا سرگرمی کے بارے میں متعلقہ تھانہ یا "پکارـ "15پر اطلا ع دیں۔