اوکاڑہ یونیورسٹی کی دسویں اکیڈمک کونسل کا اجلاس، اہم فیصلے لیے گئے
اوکاڑہ ( ریذیڈنٹ ایڈیٹر ) یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا دسواں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے تعلیمی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اکیڈمک کونسل نے متفقہ طور پہ بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈی اینڈ ریسرچ کے دوسرے اجلاس میں ہونے والے تمام فیصلوں کی منظوری دے دی۔ ان فیصلوں میں مختلف شعبہ جات کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کے تحقیقی مقالہ جات کے موضوعات کی منظوری سرفہرست تھی۔اس کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی اور سنڈیکیٹ کی ہدایات کی روشنی میں تمام تعلیمی شعبہ جات کی تنظیم نو کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اکیڈمک کونسل نے مستقل اور عارضی بنیادوں پہ موجود اساتذہ کےلیے مارننگ اور سیلف اسپورٹ پروگرامز کے کریڈ ٹ ہاورز کا بھی تعین کر دیا۔ یونیورسٹی کےلیے ایڈمیشن کمیٹی اور پراسپیکٹس کمیٹی کے ممبران کا بھی تعین کر دیا گیا۔ مزید برآں بی ایس پروگرامز میں پانچویں سمسٹر میں داخلوں کے قوانین کی منظوری بھی دی گئی۔
اکیڈمک کونسل کے ممبران میں یونورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر واجد اور تمام شعبہ جات کے سربراہان سمیت سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کالجز سید انصر اظہر، پنجاب یونیورسٹی کے سکول آف کمیونیکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم، جامعہ پنجاب کی فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز کے سابقہ ڈین پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ، یونیورسٹی آف سرگودھا کے سابقہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق، جامعہ پنجاب کی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے انسٹیٹیوٹ آف مائیکروبائیولوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ہدایت رسول، یو ایم ٹی کے سکول آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر اور جامعہ پنجاب کے انسٹیٹیوٹ آف ایڈمینسٹریٹو سائنسز کی پروفیسر ڈاکٹر ثوبیہ اکرم شامل تھے۔ اجلاس میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار جمیل عاصم نے ایجنڈا پیش کیا جب کہ انتظامی فرائض ڈپٹی رجسٹرار وقار احمد شیخ نے سر انجام دیے۔