سیالکوٹ” پلانٹ فار پاکستان ”کے عنوان سے شجر کاری کی بھرپور مہم کا آغاز
سیالکوٹ( محمد اکبر وٹو)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جشن آزادی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ضلع بھر میں تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، رواں سال جشن آزادی کے روز” پلانٹ فار پاکستان ”کے عنوان سے شجر کاری کی بھرپور مہم چلائی جائے گی جس کیلئے سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین خصوصی حصہ لیں گے جبکہ عام شہریوں کی شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی،یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے بتائیں، اے ڈی سی فنانس مظفر مختار بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ 14اگست کا آغاز ضلع بھر میں مساجد میں وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا، صبح 7بجکر 59منٹ پر قلعہ سیالکوٹ پر پرچم کشائی سے ہوگا جہاں پولیس، سول ڈیفنس کے افسر و جوان سلامی دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے چیلنجز کے پیش نظر جشن آزادی کے روز خصوصی شجرکاری مہم چلائی جائے گی، تمام سرکاری افسران و ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے حصے کا ایک پودا لگائیں اور شجرکاری کرتے ہوئے تصویر یا ویڈیو کلپ بنا کر حکومت پنجاب کے متعلقہ پورٹل پر شیئر کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر سرکاری دفاتر پر چراغاں کیا جارہا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے 13اگست کی شب جشن آزادی فیسٹول کا انتظام کیا ہے جہاں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور جشن آزادی کی خوشی میں آتشبازی بھی کی جائے گی۔