علاقائی خبریں

امام بارگاہ قصر علی علیہ السلام میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا

لاہور / مانگا منڈی (آئی این پی )مانگا منڈی میں واقع امام بارگاہ قصر علی علیہ السلام میں بروز جمعہ سید شہباز حیدر اور فیاض احمد کی جانب سے سالانہ مجلسِ عزا کا اہتمام کیا گیا، جو کہ بی بی سکینہ بنت الحسین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سینکڑوں مومنین نے شرکت کی اور اس مجلسِ عزا میں اہلِ بیت کی یاد کو تازہ کیا گیا۔مجلسِ عزا میں مولا کے بہترین مداح اور معروف ذاکرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سب سے پہلے ذاکر سید شوزب شیرازی نے مجلس کا آغاز کیا اور اپنے مخصوص انداز میں بی بی سکینہ علیہ السلام کے مصائب کا ذکر کیا۔ اس کے بعد مفسر قرآن، علامہ مولانا تصدق حسین نے قرآن کی روشنی میں واقعہ کربلا اور بی بی سکینہ کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی دختر کے صبر اور مشکلات کو بیان کرتے ہوئے مومنین کے دلوں کو متاثر کیا۔ذاکر بحر المصائب، عالم عباس بھٹی نے انتہائی جذباتی انداز میں مصائبِ کربلا بیان کیے اور اہلِ بیت کے دکھوں کو یوں پیش کیا کہ مجلس میں موجود ہر فرد کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ اس کے بعد ذاکر مصور غم، عباس رضا جھنڈوی نے مجلس کے اختتام پر تابوتِ بی بی سکینہ علیہ السلام برآمد کروایا۔ تابوت کی زیارت کے دوران فضا میں سوز و گداز کی کیفیت تھی، اور مومنین نے دلی عقیدت کے ساتھ زیارت کی۔مجلسِ عزا میں خصوصی شرکت باوا سید خاور عباس شیرازی نے کی، جن کی موجودگی نے مجلس کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔ انہوں نے بی بی سکینہ علیہ السلام کی شہادت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مومنین کو پیغام دیا کہ وہ اہل بیت کی محبت میں اپنے ایمان کو مزید مستحکم کریں بانیان مجالس کی جانب سے مجلس کے اختتام پر مومنین کے لیے وسیع پیمانے پر لنگر حسینی کا اہتمام کیا گیا۔ لنگر میں مومنین کو روایتی کھانے پیش کیے گئے اور تمام شرکاء نے انتہائی ادب و احترام کے ساتھ لنگر میں شرکت کی۔ مجلسِ عزا میں شامل مومنین نے اس عظیم موقع پر اپنے ایمان کی تجدید کی اور بی بی سکینہ بنت الحسین علیہ السلام کی شہادت کی یاد میں نذرانہ پیش کیا۔اس سالانہ مجلسِ عزا میں شرکت کرنے والوں میں شہر بھر کے معزز شخصیات بھی شامل تھیں، جو ہر سال اس مجلس میں شرکت کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ مومنین نے امام بارگاہ میں منعقد ہونے والی اس مجلس کو بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ سنا اور کربلا کے اس دردناک واقعے کی یاد کو تازہ کیا۔یہ مجلسِ عزا مانگا منڈی کے عوام کے دلوں میں ہمیشہ کی طرح گہرے نقوش چھوڑ گئی، اور اس موقع پر موجود تمام مومنین نے اپنی عقیدت اور محبت کو اہل بیت علیہ السلام کے لیے نچھاور کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button