دانش سکول ننکانہ صاحب کی جانب سے سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا انعقاد
سانگلہ ہل(آئی این پی)ننکانہ صاحب کے سینٹر آف ایکسیلنس (دانش سکول) ننکانہ صاحب کی جانب سے سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو ، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔دانش سکول انتظامیہ نے آمد پر ڈی سی ننکانہ کا پرتپاک استقبال کیا اور بچوں نے ڈی سی ننکانہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بچوں کی جانب سے تیار کیے جانے والے سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا اور بچوں کی کوششوں کو خوب سراہا۔ ڈی سی ننکانہ نے خاص طور پر ورکنگ ماڈلز کی تعریف کی۔ڈپٹی کمشنر نے دانش سکول کے مختلف شعبہ جات سمیت کلاس رومز کا بھی معائنہ کیا۔سکول پرنسپل لیفٹینٹ کرنل ریٹائرڈ محمد محی الدین اطہر نے سائنس میلے اور انتظامی امور بارے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے سائنسی ماڈلز بنانے میں بہت محنت کی ہے جو کہ نظر ارہی ہے۔بچوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ایسے پروگرام انتہائی ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دانش سکول حکومت کا ایک بہت ہی جدید منصوبہ ہے جو کہ طبقے کے پسے ہوئے لوگوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کر رہا ہے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ دانش سکول ضلع کی سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی درسگاہ ہے ، دانش سکول میں ہر طبقے کے بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ پر امید ہوں کہ یہ بچے تعلیم حاصل کرکے معاشرے کے مفید شہری بن سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دانش سکول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔