گوجرانوالہ/پولیس کادبنگ ایکشن مخبر کی اطلاع پر پتنگ فروش گرفتار
گوجرانوالہ (راناعبدالغفار) سٹی پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم نے ضلع بھر میں پتنگیں بنانے والوں،پتنگیں اڑانے اور بیچنے والوں کے خلاف کاروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ احکامات کے پیش نظر ایس ایچ اوتھانہ جناح روڈ سب انسپکٹر احمد فراز نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ دوران گشت و ناکہ بندی مخبر خاص کی اطلاع پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان قاسم اور طیب کو گرفتار کر کے قبضہ سے چھ سو سے زائد مختلف رنگوں کی پتنگیں برآمد کر لیں۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ بیرون اضلاع سے پتنگیں اور ڈوریں خرید کر لاتے اور بعد ازاں گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پتنگیں فروخت کرتے۔اس موقع پر سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے۔کسی شخص کو اس امر کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اس خطرناک کھیل سے معصوم جانوں سے کھیلے۔انہوں نے سختی سے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں۔ اس سے متعلقہ سامان رکھنے، فروخت کرنے اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کسی قسم کی رورعایت کو ملحوظ خاطر نہ لائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں پتنگ بازی کی شکایت ملی تو اس ایس ایچ او کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی پی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپناقومی فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور اس ضمن میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔اُ نہوں نے مزید کہا کہ پتنگیں اڑانے،بیچنے اور سپلائی والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ان کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔