تنظیم المدارس (اہلسنت )پاکستان ملک بھر میں سالانہ امتحانات جاری
گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)ادارة المصطفےٰ انٹرنیشنل کے مرکزی ترجمان حافظ محمد یعقوب فریدی کے مطابق ہزاروں مدارسِ دینیہ پر مشتمل بڑے تعلیمی بورڈ تنظیم المدارس (اہلسنت )پاکستان کے تحت چاروں صوبوں بشمول گلگت ‘ بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں سالانہ امتحانات جاری ہیں ۔یکم فروری 2025 ء سے شروع ہونیوالے ان امتحانات میں 349563 امیدوار شریک ہو ئے ہیں ‘ جن کے لئے 3865 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ امتحانی عملے کی تعداد20971 ہے۔ اس کے علاوہ مختلف انسپکیشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں جو مختلف مراکز کے دورے کر رہی ہیں ۔ حافظ محمد یعقوب فریدی کے مطابق تنظیم المدارس کے مرکزی ناظم امتحانات مولانا غلام عباس کا کہنا تھا کہ امسال ہونیوالے امتحانات کاشیڈول گذشتہ سال کی طرح ہی رکھا گیا ہے جس کے تحت پرچے کا آغاز صبح نو بجے ہو گاجبکہ اختتام دن بارہ بجے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال 2024 ء کے مقابلے میں شرکاء کی تعداد میں بارہ فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں تنظیم المدارس کے تحت مذکورہ امتحانات انتہائی پرامن اور شفاف طریقے سے انعقاد پذیر ہو رہے ہیں۔